وزیراعظم شہباز شریف نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے تناظر میں قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس پیر کو ( کل ) طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں وفاقی وزرا، عسکری قیادت اور دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
اجلاس کا بنیادی ایجنڈا ایران، امریکہ اور اسرائیل کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے خطے پر اثرات کا جائزہ لینا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے حوالے سے شرکاء کو اعتماد میں لیں گے جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔
اجلاس میں ایران کی حمایت، ملکی داخلی و سرحدی سیکیورٹی، اور دیگر اہم امور پر بڑے فیصلوں کا امکان ہے۔
اجلاس میں وزیر دفاع، وزیر داخلہ، نائب وزیراعظم، وزیر خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ملکی سیکیورٹی کے حوالے سے ممکنہ بیرونی اثرات سے نمٹنے کے لیے انسداد دہشت گردی اور سرحدی سیکیورٹی پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔






















