اڈیالہ جیل راولپنڈی آنے والے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنماؤں کو آج بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملی اور ملاقات کا وقت ختم ہونے پر تمام رہنما فیکٹری ناکہ سے واپس روانہ ہو گئے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے کوآرڈینیٹر انتظار حسین پنجھوتہ نے 6 رہنماوں کی لسٹ بدھ کے روز سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھجوائی تھی اور لسٹ کے مطابق ایم این اے شاہد خٹک، مشتاق غنی، محمد اقبال آفریدی، خالد نواز سدھریج، فردوس شمیم نقوی اور علی سرفراز جمعرات کی دوپہر اڈیالہ آئے۔
تاہم انہیں جیل سے تقریبا دو کلومیٹر دورداہگل اور گورکھپور ناکوں پر روک لیا گیا۔
اس دوران سابق سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کی داہگل ناکہ پولیس اہلکاروں سے تکرار بھی ہوئی، تاہم تمام پی ٹی آئی رہنما فیکٹری ناکہ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے جنہیں پولیس نے وہاں دوبارہ روک لیا۔
پی ٹی آئی رہنما ملاقات کی اجازت ملنے کا انتظار فیکٹری ناکہ پر ہی کرتے رہے اور ملاقات کا وقت ختم ہونے پر فیکٹری ناکہ سے ہی واپس روانہ ہو گئے۔






















