وزیر خارجہ عباس عراقچی نے حالیہ اسرائیل ایران کشیدگی کو کم کرنے کیلئے عمان میں مذاکراتی ٹیم بھیجنے والی خبروں کی تردید کر دی۔ ۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خبریں بے بنیاد ہیں اور ایران نے کسی بھی قسم کی مذاکراتی ٹیم کو سلطنتِ عمان کے دارالحکومت مسقط میں نہیں بھیجا۔
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کا یہ بیان ان افواہوں کے بعد سامنے آیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ایران نے حالیہ اسرائیل ایران کشیدگی کے پیش نظر خفیہ طور پر مذاکرات شروع کرنے کے لیے اپنی ٹیم عمان روانہ کی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ اس طرح کی رپورٹس نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ موجودہ حالات میں ایران کی پالیسی کے برعکس بھی ہیں۔ ایران اس وقت کسی بھی بیک چینل مذاکرات میں شامل نہیں ہے۔
یاد رہے کہ عمان ماضی میں ایران اور امریکہ سمیت دیگر فریقین کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرتا رہا ہے، تاہم حالیہ بیان سے واضح ہے کہ ایران فی الوقت کسی بھی قسم کے مذاکراتی عمل میں شامل نہیں ہو رہا۔






















