روس نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو براہ راست فوجی امداد دینے یا اس کا سوچنے سے بھی گریز کرے۔
روسی کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ اسرائیل کو کسی بھی قسم کی امریکی فوجی مدد خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بنے گی۔
ایک اور بیان میں سرگئی ریابکوف کا کہنا تھا کہ روس اور امریکہ تنازع کے حوالے سے رابطے میں ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ ایران کے جوہری ڈھانچے پر روزانہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے دنیا "تباہی سے ملی میٹر دور" ہے۔
دوسری جانب روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کے درمیان رابطے میں ایران کے جوہری پروگرام پر اسرائیل اور مغرب کے تحفظات کے سفارتی حل کے لیے روس کی ثالثی کی پیشکش پر زور دیا گیا۔
کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران اور اسرائیل تنازع کے فوری خاتمے کی ضرورت پر اتفاق کیا تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔





















