ایران نے آپریشن وعدہ صادق سوم کی گیارہویں لہرکا آغاز کردیا۔
ایران نے رات گئے وسطی اور شمالی اسرائیل پر دو حملوں میں30 سے زائد بلیسٹک میزائل داغ دیئے ۔ تل ابیب میں سائرن بج گئے ۔۔ شہری بنکروں میں جاچھپے، اسرائیل کا آئرن ڈوم ایرانی میزائل روکنے میں ناکام رہا۔ بیس سے زائد گاڑیاں تباہ ہوگئی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی میزائل تل ابیب اور یروشلم کی طرف داغے گئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی میزائلوں نے اسرائیلی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ۔
ایران نے تل ابیب کے علاقے نیو زیدیک سے شہریوں کے انخلاء کی وارننگ جاری کردی۔ پاسدران انقلاب کے مطابق اسرائیل کے خلاف فرسٹ جنریشن فتح میزائل استعمال کیے گئے۔ فتح میزائلوں سےاسرائیلی فضائی حدود پرمکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کردیا۔
ایرانی آرمی چیف کا کہنا ہے ایران کے اب تک کے حملے صرف اسرائیل کے لیے وارننگ ہیں۔ اسرائیل کے خلاف تباہ کن کارروائی ابھی باقی ہے۔
دوسری جانب تہران میں اسرائیلی جنگی طیاروں کے حملے جاری ہے۔ اسرائیل نے تہران میں خضرمیزائل پروڈکشن کمپلیکس، آئل ریفائنریز، میزائل لانچرز اور اور امام حسین یونیورسٹی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کردیا۔
اسرائیلی فوج نے تہران کے ڈسٹرکٹ 18 سے 4 لاکھ سے زائد شہریوں کو انخلا کی وارننگ جاری کردی۔ یہ ضلع مختلف صنعتی کمپلیکس پر مشتمل اور مہرآباد ائیرپورٹ کے قریب ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازع کے بعد ایک مختلف مشرق وسطیٰ دیکھنے جارہے ہیں۔
قبل ازیں امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اورنیتن یاہو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں ایران جنگ سے متعلق تازہ ترین صورتحال پرگفتگو ہوئی۔





















