ایران اسرائیل جنگ کے باعث پاکستان کا فلائٹ آپریشن متاثر ہوگیا، اندرون ملک اور بیرون ممالک جانے والی آج کی 16 پروازیں منسوخ اور 57 مؤخر کردی گئیں۔
اسرائیل کی جانب سے جارحیت اور ایران کے بھرپور جواب کے بعد پاکستان میں فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آج کی 16 پروازیں منسوخ اور 57 مؤخر کردی گئیں، کراچی سے جدہ، مشہد، بغداد اور تہران کی 8 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ اسلام آباد گلگت کی قومی ایئر لائن کی 4 پروازیں بھی انتظامی طور پر منسوخ ہوئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فضائی حدود کی بندش کے باعث اسلام آباد نجف کی غیر ملکی ایئر لائن کی 2 پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں جبکہ لاہور اسکردو کی قومی ایئرلائن کی بھی 2 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جدہ، دبئی، بحرین، راس الخیمہ سے اسلام آباد کی پروازوں میں ایک سے 5 گھنٹے تاخیر کا سامنا ہے، دبئی، کویت، ابوظہبی، دوحہ، شارجہ سے اسلام آباد کی پروازوں میں ایک سے 7 گھنٹے تاخیر متوقع ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ، سیالکوٹ، فیصل آباد ملتان پشاور سے 16 پروازوں میں تاخیر ہوگی۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق لاہور کی 17، کراچی کی 13 پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔



















