ایران نے اسرائیل پر جوابی حملہ کرتے ہوئے 150 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے اور آپریشن کو ’ وعدہ صادق 3‘ کا نام دیا ، ایرانی میزائل حملوں میں 40 سے زائد اسرائیلی شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعت ہیں جبکہ حملوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں ہیں جن میں ایرانی میزائل تل ابیب میں گرتے دکھائی دے رہے ہیں ۔ دوسری جانب ایرانی میڈیا نے اسرائیل کے ایف 35 کو گرانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے دعویٰ کیاہے کہ انہوں نے ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں میں سے 50 میزائلوں کو ہوا میں ہی ناکارہ بنا دیا تاہم دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا کا کہناہے کہ تل ابیب دھماکوں سے گونج اٹھا ہے جبکہ اسرائیلی وزارت دفاع کی عمارت کے قریب آگ بھی لگ گئی۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی حملوں کے باعث 40 سے زائد شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ زیری زمین بنکرز میں ہسپتال قائم کیئے گئے ہیں جہاں انہیں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے ایران نے اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائی کے دوران تین مرحلوں میں 150 سے زائد میزائل داغے جن کے ذریعے اسرائیل کے ملٹری ٹارگٹس کو نشانہ بنایا گیا تاہم اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ ایران نے 100 سے کم میزائل داغے جن میں سے 50 سے زائد کو دفاعی نظام کے ذریعے ہوا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا ۔
ایرانی سپریم لیڈر کا بیان
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے قوم کیلئے جاری خصوصی پیغام میں کہا کہ ایران اپنی آنکھیں بند نہیں رکھ سکتا ، صیہونی حکومت نے بہت بڑی غلطی کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ایران پر حملہ اسرائیل کی سنگین لاپرواہی ہے، اس کے نتائج اسرائیلی حکومت کو تباہی کی طرف لے جائیں گے، ایرانی قوم اپنے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دے گی، ایران اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی نظر انداز نہیں کرے گا۔
نیتن یاہو کا ایرانی حملوں کے بعد بیان
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے ایران کے میزائل حملوں کے بعد بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک کے ایران پر حالیہ حملوں کا مقصد’ ایرانی حکومت کے جوہری اور بیلسٹک میزائل کے خطرے کو ختم کرنا ہے۔‘
خطاب کے دوران نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کی لڑائی ایران کی قیادت کے خلاف ہے۔انھوں نے اسرائیل کی طرف سے نشانہ بنائے جانے ایرانی اہداف کے متعلق بتایا جن میں عسکری اور جوہری مقامات بھی شامل ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مزید حملے راستے پر ہیں، ایرانی حکومت نہیں جانتی کہ ان کا کس سے سامنا ہوا ہے، یا ان پر کیا اثر پڑے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہناتھا کہ اسرائیل کا مقصد ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو ناکام بنانا ہے جسے وہ اسرائیل کے لیے ’خطرے‘ کے طور پر بیان کرتے ہیں۔
ایرانی میڈیا کا ایف35 گرانے کا دعویٰ
رائٹرز کے مطابق ایران کے سرکاری میڈیا نے اسرائیل کے ایک ایف 35 طیارے کو گرانے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کر دیاہے تاہم اسرائیل فوج کی جانب سے ایسے تمام دعووں کی تردید کی جارہی ہے ۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے ایران پر بڑا حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے، اسرائیل نے حملے میں ایران کے جوہری اور عسکری مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 5 شہری شہید اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔





















