عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے تصدیق کردی ہے کہ اسرائیلی حملے میں اہم ایرانی جوہری تنصیبات میں سے نطنز ری ایکٹر تباہ ہوگیا۔
ترجمان آئی اے ای اے کا کہنا ہے کہ ایران میں موجود اپنے انسپکٹرز کے ساتھ بھی مسلسل رابطہ ہے، ہم ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، تصدیق کرتے ہیں کہ نطنز ایٹمی ریکٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران کی تشویشناک صورتحال پر گہری نظر ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ رات اسرائیل نے ایران پر متعدد حملے کر دیے۔ حملوں میں اہم ایرانی فوجی کمانڈر اور سینئر سائنسدان شہید ہوگئے۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں پاسدران انقلاب کے ہیڈ کوارٹرز سمیت اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ تہران، قم ، تبریز،اصفہان ،ارمیا، مراغہ اور اہواز پر بھی حملے کیے گئے۔






















