وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے سماء نیوز کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے ایران کی ایٹمی صلاحیت پر حملہ ہونے جا رہاہے، امریکا ایران کو ایٹمی صلاحیت تک نہیں پہنچنے دینا چاہتا، امریکا کسی صورت ایران کو نیوکلیئر صلاحیت استعمال نہیں کرنے دینا چاہتا۔
مکمل پروگرام دیکھیں:
رانا ثناء اللہ کا کہناتھا کہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ 27 سال پہلے ایٹمی دھماکے کئے اور ایٹمی قوت ہے، اللہ تعالیٰ نے معرکہ حق میں پاکستان کو سرخرو کیا، جنگ میں بھارت کے ساتھ اسرائیل شریک تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کوشش کرنی چاہیے ایران پر حملہ نہ ہو، ایران پر حملہ ہوا تو ایران کا بھی ردعمل آئے گا، کوشش ہو رہی ہو گی کہ ایران پر حملہ نہ ہو، پاکستان کو ایرانی قیادت کو قائل کرنا چاہیے کہ موجودہ صورتحال ٹل جائے، تمام صورتحال میں کچھ بھی ہماری چوائس میں نہیں، اس صورتحال میں ہمارے لئے بہتری نظر نہیں آتی۔
وزیراعظم کے مشیر کا کہناتھا کہ فیلڈ مارشل امریکا جا رہے ہیں، چین چاہے تو ایران پر حملہ روک سکتا ہے، پاکستان شاید ایران پر حملہ روکنے کی پوزیشن میں نہیں ہے ، ایران پر اسرائیل نہیں،امریکا نے حملہ کرنا ہے، امریکا پاکستان کو اعتماد میں لے گا یا نہیں ، دیگر ممالک کو اعتماد میں لے گا، پاکستان ایران پر حملے کا حصہ نہیں بن سکتا، ایران پر حملہ ہوا تو پاکستان کیلئے بھی مشکل صورتحال ہو گی۔






















