قومی اقتصادی سروے 2024-25 کے مطابق پاکستان کے 23 فیصد اسکولوں میں بجلی کی سہولت میسر نہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ قومی اقتصادی سروے کے مطابق ملک کے 76 فیصد اسکولوں میں پینے کا صاف پانی اور 78 فیصد تعلیمی اداروں میں ٹوائلٹ کی سہولت دستیاب ہے لیکن 22 فیصد اداروں میں ٹوائلٹس کی سہولت نہیں ہے۔
وفاق کے پرائمری اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں 100 فیصد بجلی اور پینے کا صاف پانی میسر ہے۔
پنجاب میں 99 فیصد تعلیمی اداروں اور 98 فیصد پرائمری اسکولوں میں بجلی کی سہولت موجود ہے جبکہ 100 فیصد اداروں میں پینے کا صاف پانی دستیاب ہے۔
سندھ میں صرف 27 فیصد پرائمری اسکولوں اور 31 فیصد تعلیمی اداروں میں بجلی کی سہولت ہے جبکہ 58 فیصد اداروں میں پینے کا صاف پانی میسر ہے۔
خیبرپختونخوا (کے پی) میں 85 فیصد پرائمری اسکولوں اور 86 فیصد تعلیمی اداروں میں بجلی جبکہ 89 فیصد میں صاف پانی موجود ہے۔
بلوچستان میں 15 فیصد پرائمری اسکولوں اور 21 فیصد تعلیمی اداروں میں بجلی جبکہ 29 فیصد میں صاف پانی میسر ہے۔
آزاد کشمیر میں 32 فیصد پرائمری اسکولوں اور 43 فیصد اداروں میں بجلی جبکہ 37 فیصد میں صاف پانی موجود ہے۔
گلگت بلتستان (جی بی) میں 59 فیصد پرائمری اسکولوں اور 70 فیصد اداروں میں بجلی جبکہ 77 فیصد میں صاف پانی کی سہولت ہے۔
ٹوائلٹس کی دستیابی کے حوالے سے پنجاب کے 99 فیصد، سندھ کے 57 فیصد، کے پی کے 87 فیصد، جی بی کے 80 فیصد، آزاد کشمیر کے 54 فیصد اور وفاق کے 100 فیصد تعلیمی اداروں میں یہ سہولت موجود ہے۔






















