تھائی لینڈ اور کمبوڈیا نے حالیہ سرحدی جھڑپ کے بعد اپنی فوجوں کو سابقہ طے شدہ پوزیشنز پر واپس بلانے پر اتفاق کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کے وزیر دفاع پھومتھم ویچایاچائی نے کہا کہ دونوں ممالک اس بات کے خواہاں ہیں کہ سرحدی تنازعہ کو مکمل طور پر حل کیا جائے اور اس مقصد کے لیے ہفتہ کے روز جوائنٹ باؤنڈری کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
دوسری جانب کمبوڈیا کے وزیر خارجہ پراک سوکھون نے کہا کہ ان کی حکومت نے اس معاملے کو حل کرنے کے لیے بین الاقوامی عدالت انصاف سے رجوع کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان تنازعات کی پیچیدگی، تاریخی نوعیت اور حساسیت کو دیکھتے ہوئے واضح ہوتا جا رہا ہے کہ صرف دوطرفہ مذاکرات کافی نہیں ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 2008 میں 11 ویں صدی کے ہندو مندر کے تنازعے پر جھڑپیں شروع ہوئیں جن میں اب تک کم از کم 28 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
تازہ ترین جھڑپ 28 مئی کو کمبوڈیا کے صوبہ پریاہ ویہیئر اور تھائی لینڈ کے صوبہ اوبون راتچتھانی کے درمیان متنازعہ سرحدی علاقے میں ہوئی جس میں ایک کمبوڈیائی فوجی مارا گیا تھا۔





















