انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) 2025ء میں رائل چیلنجرز بنگلور ( آر سی بی ) کی فتح کے جشن کے دوران بھگدڑ سے 11 افراد کی ہلاکت کے معاملے میں بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کے خلاف بنگلور کے کوبن پارک پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کرناٹک کے شہر بنگلور میں ایم چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر ہزاروں شائقین جمع ہوئے جہاں کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (کے ایس سی اے) نے آر سی بی کی جیت کی تقریب منعقد کی تھی۔
اس دوران دو مقامات پر بھگدڑ مچنے سے 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ویرات کوہلی نے وکٹری پریڈ کے بعد سوشل میڈیا پر ہلاکتوں پر دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا لیکن شائقین نے تقریب جاری رکھنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
سماجی کارکن ایچ ایم وینکٹیش نے کوہلی کے خلاف شکایت درج کی الزام لگاتے ہوئے کہ انہوں نے آئی پی ایل کے ذریعے جوئے کو فروغ دیا اور ہجوم کو اکسانے کا باعث بنے جس سے یہ سانحہ پیش آیا۔
پولیس نے واضح کیا کہ کوہلی کے خلاف ابھی کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی لیکن شکایت کی تحقیقات کی جائیں گی۔
کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارامیا کی ہدایت پر آر سی بی انتظامیہ کے 11 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ بنگلور ہائیکورٹ نے ٹیم کے چار عہدیداروں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
آر سی بی نے متاثرین کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے کی امداد اور زخمیوں کے علاج کے لیے ’آر سی بی کیئرز‘ فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن تشکیل دیا گیا ہے جو 30 دن میں رپورٹ پیش کرے گا۔






















