عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر لالی وڈ کی نئی رومانوی کامیڈی فلم ’لو گرو‘ سنیما گھروں میں ریلیز ہوگئی ہے۔
فلم میں پاکستان کے سپر اسٹارز ہمایوں سعید اور ماہرہ خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ ہدایت کاری ندیم بیگ نے کی اور کہانی واسع چوہدری نے تحریر کی ہے۔
ہمایوں سعید نے سماء ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ فلم میں پہلی بار پشتو گانے ’سادہ آشنا‘ پر پرفارمنس دینا ایک ناقابل بیان تجربہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ پشتو گانے کی عکس بندی کے دوران کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن یہ تجربہ منفرد اور یادگار رہا۔
اداکار نے پرامید انداز میں کہا کہ ’لو گرو‘ فلم بینوں کو بے حد پسند آئے گی۔
اداکارہ ماہرہ خان نے بھی فلم کی ریلیز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عیدالاضحیٰ کا مبارکباد کا پیغام دیا۔
سماء سے گفتگو میں انہوں نے کہا "’لو گرو‘ طنز و مزاح سے بھرپور فلم ہے اور واسع چوہدری کے برجستہ جملے سادہ لیکن مزاحیہ ہیں، عید کی خوشیوں کے ساتھ فلم بھی ضرور دیکھیں۔"
انہوں نے فلم کے رنگا رنگ پریمیئر اور پشتو ویڈنگ گانے کی مقبولیت کو بھی سراہا جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔






















