کراچی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کے جھٹکے دو مختلف اوقات میں ریکارڈ کیے گئے۔
زلزلہ پیمامرکز کے مطابق پہلے زلزلے کی شدت 2.7ریکارڈ کی گئی، گہرائی 2کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز ڈی ایچ اے کے ساوتھ میں 20کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔ زلزلہ صبح 4بجکر 46 منٹ پر آیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق دوسرا زلزلہ صبح 7 بجکر58منٹ پر آیا، زلزلے کی شدت 1.8 ریکارڈ کی گئی، گہرائی 8 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز ملیر کے نارتھ ویسٹ میں 11 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔
زلزلے کے جھٹکے مختصر دورانیے کے تھے اور کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
ماہرین ارضیات کے مطابق اس نوعیت کے زلزلے زیر زمین معمولی سرگرمیوں کی نشاندہی کرتے ہیں اور ان سے عمومی طور پر کوئی بڑا خطرہ لاحق نہیں ہوتا۔ تاہم شہریوں کو قدرتی آفات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





















