ملک کے مختلف شہروں میں موسم نے انگڑائی لی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، متعدد علاقوں میں ژالہ باری اور تیز ہواؤں نے فصلوں اور املاک کو نقصان پہنچایا جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے گلیاں اور محلے زیرِ آب ہو گئے۔
بورے والا میں تیز آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی اور اولوں کی بارش نے گرمی کی شدت کم کر دی۔
چشتیاں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل خوب برسے اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی جبکہ پاکپتن، عارف والا، میاں چنوں، اور چونیاں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی اور دیپالپور میں اولوں نے مکئی سمیت دیگر فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا۔
تیز ہواؤں کے باعث سائن بورڈز اور سولر پینلز بھی اکھڑ گئے۔
پیر محل، ڈسکہ، ساہیوال، اور اٹھارہ ہزاری سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔
خیبرپختونخوا کے سوات، مینگورہ اور ایبٹ آباد میں بھی بادل خوب برسے، آزاد کشمیر کے کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔






















