روس کے مغربی صوبے برانسک میں ایک مسافر ٹرین کے حادثے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے علاقے برانسک میں ایک پل ریلوے ٹریک پر گر گیا، تیز رفتار ٹرین ملبے سے ٹکرانے کے بعد پٹری سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے، حکام نے واقعے کی تصدیق کردی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرین ماسکو سے کلیموو کے قصبے کی طرف جارہی تھی جب وہ وائیگونیچسکی ضلع میں گرے ہوئے پل کے ملبے سے ٹکرا گئی، جو کہ روسی سرحد سے تقریباً 100 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، حادثے میں ٹرین کا انجن اور کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
روس کی ہنگامی صورتحال کی وزارت نے تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں کیلئے 180 ارکان کو جائے وقوعہ پر تعینات کردیا، امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
حکام نے گورنر الیگزینڈر بوگوماز کے ٹیلی گرام اپ ڈیٹ میں ہلاکتوں کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ پل گرنے کے نتیجے میں پیش آنیوالے حادثے میں 7 افراد ہلاک ہوئے ہیں، 2 و بچوں سمیت 30 متاثرین کو طبی سہولیات کیلئے اسپتال منقل کردیا گیا ہے۔





















