واپڈا کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی آمد میں دو روز کے دوران 91 ہزار 600 کیوسک کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 29 مئی کو دریائے چناب میں پانی کی آمد 98 ہزار 800 کیوسک تھی، جو 30 مئی کو گھٹ کر 44 ہزار 600 کیوسک رہ گئی۔ آج (31 مئی کو) یہ مقدار صرف 7 ہزار 200 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں ایک ہزار کیوسک اضافہ ہوا ہے۔ واپڈا کے مطابق گزشتہ روز پانی کی آمد 39 ہزار کیوسک تھی، جو آج 40 ہزار 200 کیوسک ہو گئی ہے۔
ادھر دریائے سندھ میں بھی پانی کی آمد میں 22 ہزار کیوسک کی کمی نوٹ کی گئی ہے۔ چشمہ بیراج میں پانی کی آمد میں 14 ہزار کیوسک جبکہ دریائے کابل میں 3700 کیوسک کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔






















