استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے خوشاب میں ہونے والے معرکہ حق کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشاب کے عوام نے بہت محبت سے استقبال کیا، آپ کو خراج تحسین پیش کرتاہوں ،ہم ملک اصغر کے ساتھ مل کر علاقے کی خدمت کریں گے ، میں وزیراعظم سے مل کر آپ کیلئے یونیورسٹی کے قیام کی کوشش کروں گا، آپ نے ایک سڑک موٹروے کے ساتھ جوڑنے کیلئے کہا ہے اس کیلئے بھی کوشش کریں گے ، جو آپ کی اپنے ایم این اے سے محبت ہے ، اس پر آپ کا شکریہ ادا کرتاہوں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان نے اللہ کے کرم سے جو کامیابی حاصل کی ہے اس پر بھی آپ کو مبارک باد دیتاہوں ، اللہ نے ہمیں دشمن کے سامنے فتح یاب کیاہے ، آپ کو فتح مبارک ہو، وہ دشمن جس نے کبھی پاکستان کو تسلیم نہیں کیا، بھارت کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ جب بھی موقع ملے وہ پاکستان کے خلاف سازش کر ے ۔ تین دن کی لڑائی ہوئی، بھارت کی طرف سے جب جنگ شروع ہوئی ، تو اس نے رات کے وقت معصوم بچوں کو نشانہ بنایا ، سب سے پہلے شہادت ایک چھ سال کے بچے کی ہوئی جو ایک کرنل صاحب کا بیٹا تھا، اسی طرح انہوں نے ہمارے بچوں اور بچیوں کو نشانہ بنایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تین دن تک ہماری افواج نے صبر کیا، اس کے بعد جب انہوں نے ہمارے ہوائی اڈوں اور فوجی تنصیبات پر میزائل مارے تو پھر اس دن ہم نے آگے سے جواب دیا، پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سب سے پہلے فجر کی نماز کی امامت کروائی ، اس کے بعد اللہ اکبر کا نعرہ لگایا اور مودی کو وہ جواب دیا کہ اس کی آنے والی دس نسلیں بھی یاد رکھیں گی ، جو تین دن سے اکڑے بیٹھے تھے صرف ڈیڑھ گھٹنے میں ان کا غرور خاک میں ملا دیا۔ بھارت کی پوری انتظامیہ پوری دنیا کے آگے منتیں کر رہی تھی ، انہوں نے معافیاں مانگنی شروع کیں، بھارت نے امریکہ کے صدر کو فون کرکے کہا کہ ہماری جان چھڑوا دیں۔
انہو ں نے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، میں اپنے سپہ سالارعاصم منیر کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دیتاہوں ، آپ نے ہماری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیاہے ، ہمارے فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر نے دشمن کی اکڑ چھ طیارے گرا کر توڑ دی ، اپنی پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،ہم ساحر شمشاد اور نیول چیف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جہاں ہماری بری فوج، فضایئہ اور اسی طرح نیوی نے بھی پاکستان کی خدمت کیلئے سر دھڑ کی بازی لگائی ہے ، دشمن کو بتایاہے کہ پاکستانی فوج اور عوام ایک ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ جب بھی دشمن ہماری سر زمین کی طرف دیکھے گا ہم سب اپنے ملک کا دفاع کریں گے ،مودی کو بہت گھمنڈ تھا، اربوں اور کھربوں کے نئے جہاز خریدے تھے ، اس غرور تھا کہ رافیل کو کوئی نہیں گر اسکتا، یہ جہاز فرانس نے دیئے تھے ، ان جہازوں کی قیمت کھربوں میں ہے ، پاکستانی فوج نےایک گھنٹے میں 4 رافیل گرائے ہیں اس کے علاوہ 2 اور جہاز بھی گرائے ، الحمدواللہ پاکستان کے ایک جہاز کو بھی نقصان نہیں پہنچا ہے ۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم نے جو ڈیڑھ گھنٹے میں حاصل کیاہے اس کے ساتھ اتنی دھاک بیٹھی ہے کہ رافیل بنانے والی کمپنی کے شیئرز ہی گر گئے ہیں، پاکستان کا دوست چین ، ترکیہ مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے، چین نے ہمیں جہاز بنانے کی ٹیکنالوجی دی اور ہمارے ساتھ مل کر جہاز بنائے ، ہماری آج جو بھارت پر برتری ہے اس میں چین کی مدد شامل ہے ، پاک چین دوستی زندہ باد۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ ڈرونز جنہوں نے دشمن کو نشانہ بنایا ، یہ ٹیکنالوجی ہمارے دوست ترکیہ نے دی ، سب سے پہلے جب ہمارے ملک پر جب حملہ ہوا تو آذربائیجان کے لوگوں نے پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا، وہ پوری قوم پاکستان کے جھنڈے لے کر باہر نکلی، یہ وہ دوست ہیں جو مشکل وقت کے دوست ہوتے ہیں، ہم اپنے دوست ممالک کو سلام پیش کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جو بھارت نے ڈرون پاکستان کی طرف بھیجے یہ اسرائیل نے بھارت کو دیئے ، ہمیں ڈرون چین اور ترکیہ نے دیئے ، آپ کی جنگ صرف پاکستان کی نہیں بلکہ عالم اسلام کی جنگ ہے ، عاصم منیر پورے عالم اسلام کا سپہ سالار ہے ، ہم نے صرف بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کیا بلکہ اسرائیل کو بھی پیغام دیاہے کہ ہم فلسطین نہیں ہیں ، ہم پاکستان ہیں۔






















