وفاقی محتسب کے حکم کیخلاف اسٹیٹ لائف کی دائر کردہ درخواست مسترد کردی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسٹیٹ لائف کو 3 سال سے منتظر متوفی پالیسی ہولڈر کے ورثاء کو ادائیگی کی ہدایت کردی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسٹیٹ لائف انشورنس متوفی پالیسی ہولڈر کے لواحقین کو 3 لاکھ روپے بمعہ منافع ادا کرے۔
اسٹیٹ لائف نے قبل از انشورنس بیماری چھپانے کا بہانہ بناکر کلیم ادائیگی سے انکار کردیا تھا۔ صدر نے حکم دیا ہے کہ اسٹیٹ لائف قبل از انشورنس پالیسی وضع کرنے کیلئے ڈاکٹرز کا پینل بھی تشکیل دے۔
سعد طاہر نامی شہری کے والد نے 2013ء میں اسٹیٹ لائف سے 3 لاکھ کی لائف انشورنس پالیسی حاصل کی تھی۔ والد کے انتقال پر شکایت کنندہ نے کمپنی سے انشورنس کلیم ادا کرنے کی درخواست کی جو مسترد کردی گئی۔
وفاقی محتسب نے کمپنی کو معاملے پر غور کرنے اور مناسب ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا تھا، صدر نے دونوں فریقین کو سننے کے بعد فیصلہ سنادیا۔