انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے سانحہ راجہ بازار کے تیرہ سال پرانے مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن صبا ستار کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے یہ اقدام متعدد بار طلبی کے باوجود عدم حاضری پر اٹھایا۔ عدالت نے راولپنڈی کے آر پی او کو وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کرانے کا حکم بھی دے دیا ہے۔جج انسداد دہشت گردی عدالت امجد علی شاہ نےصبا ستار کی تنخواہ قرق کرنے کے احکامات بھی جاری کیےتاکہ ان کی حاضری کو یقینی بنایا جا سکے۔
مقدمےمیں تفتیشی افسران اور گواہوں کی مسلسل غیرحاضری پرعدالت نے برہمی کا اظہار کیا،صبا ستار کو توہینِ عدالت کا نوٹس بھی جاری کیاگیا تھا اور انتیس مئی کو پیشی کے لیےطلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہ ہوئیں،اب عدالت نے توہین عدالت کا نوٹس برقرار رکھتے ہوئے دوجون کودوبارہ طلب کرلیا ہے۔
عدالت نے جی ایچ کیوحملہ کیس کےمالِ مقدمہ کی پیشی سےمتعلق بھی خصوصی احکامات جاری کیے ہیں،ایس ایس پی انوسٹی گیشن کو ہر سماعت پرعدالت میں پیش ہونے اور مالِ مقدمہ وگواہوں کی پیشی کو یقینی بنانے کا پابند کردیا گیا ہے۔






















