ایف آئی اےنے غیر ملکی کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف کارروائیوں میں بینک منیجر سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائیاں ایف آئی اے کے اسٹیٹ بینک سرکل اور اینٹی کرپشن سرکل نے سولجر بازار اور ڈیفنس کے علاقوں میں کیں۔
کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے سولجر بازار میں چھاپے کے دوران دو ملزمان سید محمد رضا اور سید مظہر علی کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے 50 ہزار 600 امریکی ڈالر، 1,500 یورو، ایک لاکھ پاکستانی روپے، 10 تولے سونے کا بسکٹ اور تین موبائل فونز برآمد کیے گئے۔
حکام کے مطابق ملزمان کے موبائل فونز سے غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت سے متعلق ڈیجیٹل شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں جو اس غیر قانونی کاروبار کی تصدیق کرتے ہیں۔
دوسری جانب ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے ڈیفنس کے علاقے میں واقع ایک نجی بینک پر کارروائی کرتے ہوئے بینک افسر ذیشان عباس کو حراست میں لے لیا۔ دورانِ تفتیش اس کے قبضے سے 9 ہزار امریکی ڈالر اور موبائل فون برآمد کیا گیا۔ بینک افسر نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ وہ غیر قانونی طریقے سے غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث رہا ہے۔
ایف آئی اے نے تینوں گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ملک میں غیر قانونی زرِمبادلہ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔






















