ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی پاکستانی پاسپورٹ اور مشکوک سفری دستاویزات پر ایران اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے 3 مسافروں کو آف لوڈ کردیا۔
ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی شہری خالد بلوچ اور محمدعارف پاکستانی پاسپورٹ پر قطر جارہے تھے، مسافروں کے پاسپورٹ پر ورک ویزے لگے ہوئے تھے، ملزمان نے ایجنٹ سے ایک لاکھ دس ہزار کے عوض پاکستانی پاسپورٹ حاصل کئے۔
دوسری کارروائی میں جعلی پاسپورٹ پر سعودی عرب جانیوالے افغان شہری کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار مسافر امین غیر قانونی طریقے سے چمن بارڈر پار کرکے کوئٹہ آیا۔
حکام کے مطابق ملزم نے بھاری رقوم کے عوض ایجنٹ سے پاسپورٹ حاصل کیا تھا، تینوں ملزمان کو مزید کارروائی کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کردیا گیا۔



















