راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ایک ارب چونسٹھ کروڑ روپے کی مبینہ خورد برد کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بعد ڈی جی آر ڈی اے نے تحقیقات کیلئے اینٹی کرپشن پنجاب کو خط لکھ دیا۔
آرڈی اے کے مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ نیشنل بینک کی برانچ کے مطابق بائیس اکاؤنٹس میں دو سو تریسٹھ ٹرانزیکشنز کے ذریعے رقوم ٹرانسفر کی گئیں۔ تمام متعلقہ بینکوں کو چیک اور پے آرڈر کے ذریعے رقوم کی منتقلی سے روک دیا گیا۔ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ایک ارب چونسٹھ کروڑ روپے کی خورد برد کا علم اے ڈی فنانس ٹو کی رپورٹ کے ذریعے ہوا۔ رپورٹ کے بعد سابق اور موجودہ ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس کےخلاف تحقیقات کی گئیں لیکن کسی نے بھی سوالناموں کا جواب فراہم نہیں کیا۔ سابق ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس کی خود کشی سے ثابت ہوا کہ اصل سی ڈی آر موجود نہیں۔ مراسلے کے ذریعے محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کو کہا گیا ہے کہ آر ڈی اے افسران اور نیشنل بینک کے عملہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کی جائے۔ ملزمان سے ایک ارب چونسٹھ کروڑ روپے برآمد کر کے محکمے کو واپس کی جائیں۔






















