بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں استغاثہ کے گواہ قیصر محمود کا بیان ریکارڈ کرنے کے ساتھ جرح بھی مکمل ہوگئی جبکہ کیس کی اگلی سماعت 31 مئی کو ہو گی۔
پیر کے روز اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کی اور بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت پیش کیا گیا۔
دوران سماعت استغاثہ کے گواہ قیصر محمود کا بیان ریکارڈ کیا گیا جبکہ وکلا کی جانب سے گواہ پر جرح بھی مکمل ہو گئی۔
مقدمہ میں اب تک مجموعی طور پر 6 گواہان کے بیانات پر جرح مکمل کی جا چکی ہے۔
بعدازاں، کیس کی مزید سماعت 31 مئی تک ملتوی کردی گئی۔
کیس کی آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہ محسن حسن کو شہادت ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔






















