سری لنکا کے سابق کپتان اور تجربہ کار آل راؤنڈر انجیلو میتھیوز نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری ایک جذباتی پیغام میں 37 سالہ میتھیوز نے کہا کہ وہ جون 2025 میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے اور ان کا آخری ٹیسٹ میچ 17 جون کو گال میں بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔
View this post on Instagram
میتھیوز نے واضح کیا کہ وہ محدود اوورز کے فارمیٹس (ون ڈے اور ٹی20) کے لیے سری لنکن ٹیم کے لیے دستیاب رہیں گے حالانکہ انہوں نے گزشتہ جون کے بعد سے کوئی محدود اوورز کا بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے لیے 17 سال تک کرکٹ کھیلنا میرے لیے عظیم اعزاز رہا، میں نے کرکٹ کو سب کچھ دیا اور کرکٹ نے مجھے وہ سب کچھ دیا جو آج میں ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ سلیکٹرز سے بات چیت کے بعد میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں لیکن اپنے ملک کی ضرورت پڑنے پر ون ڈے اور ٹی20 کے لیے تیار رہوں گا۔
2009 میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے میتھیوز سری لنکا کے ٹیسٹ کرکٹ میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر کے طور پر ریٹائر ہوں گے۔
انہوں نے 118 ٹیسٹ میچوں میں 44.62 کی اوسط سے 8,167 رنز اسکور کیے جن میں کمار سنگاکارا 12,400 رنز اور مہیلا جے وردھنے 11,814 رنز کے ساتھ ان سے آگے ہیں۔
بطور بولر میتھیوز نے 33 وکٹیں بھی حاصل کیں اور وہ 2013 سے 2017 تک 34 ٹیسٹ میچوں میں سری لنکن ٹیم کے کپتان رہے۔






















