ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ خضدار بزدلانہ حملے کی منصوبہ بندی بھارت کی دہشت گرد ریاست نے کی اور حملہ بلوچستان میں موجود بھارت کے آلہ کار دہشت گردوں نے کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر حملے میں ابتدائی معلومات کے مطابق 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید جبکہ متعدد بچے زخمی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بزدلانہ حملے کی منصوبہ بندی بھارت کی دہشت گرد ریاست نے کی، میدان جنگ میں بری طرح ہارنے کے بعد بھارت نے بزدلانہ کارروائیاں شروع کردیں، بھارتی ایجنٹوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بدامنی پھیلانی شروع کردی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت دہشت گردوں کو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے ریاستی آلہ کار کے طور پر استعمال کررہا ہے، بھارتی آلہ کار دہشت گرد معصوم بچوں اور شہریوں جیسے آسان اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کا دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کرنا نفرت انگیز ہے، یہ پالیسی بھارت کی اخلاقی گراوٹ اور بنیادی انسانی اصول نظرانداز کرنے کو ظاہر کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اسپانسرڈ حملے کے منصوبہ ساز،سہولت کار اور حملہ آور قانون کے کٹہرے میں لائے جائیں گے، بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا، مسلح افواج قوم کی حمایت سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔






















