پاکستان سپر لیگ 10 کے اپنے آخری گروپ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹ سے شکست دیدی۔
پاکستان سپر لیگ 10 کے 28ویں میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بناڈالے۔
کپتان رضوان صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تاہم اوپنر یاسر خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 45 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، طیب طاہر 36، شاہد عزیز 29، جہانزیب سلطان 25، ہمایوں الطاف 16 اور پیٹر ہیٹزوگلو ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عامر برکی 21 اور محمد حسنین 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان طارق 3 وکٹیں لے کر کامیاب بولر رہے، خرم شہزاد، فہیم اشرف، ابرار احمد اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 186 رنز کے ہدف کا تعاقب انتہائی جارحانہ انداز میں کیا اور 7.5 اوورز میں 77 رنز بناڈالے، اس موقع پر ٹیم کو خواجہ نافع کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا وہ 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سعود شکیل 18، اویشکا فرنانڈو 7، دنیش چندیمل 17، دانش عزیز صفر، فہیم اشرف 16، محمد وسیم 1 اور ابرار احمد 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کی آخری گیند پر ٹیم چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلوائی، انہوں نے 38 گیندوں پر 67 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی پی ایس ایل 10 میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی، رضوان الیون 10 میں سے 9 میچز میں شکست کھانے کے بعد صرف 2 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل کی آخری ٹیم رہی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 15 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور پلے آف کیلئے کوالیفائی کرچکی ہے۔






















