حکومت پنجاب نے ملک بھر میں 16 مئی کو "یومِ تشکر" کے طور پر منانے کا فیصلہ کر لیا۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آئی جی پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق یومِ تشکر کو 23 مارچ، 14 اگست اور 6 ستمبر کی طرز پر قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور قرآن پاک کی تلاوت سے کیا جائے گا۔
مراسلے کے مطابق ملک بھر میں ریلیوں، سیمینارز، میٹنگز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ تمام تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوں گی۔
یوم تشکر کے موقع پر خطباتِ جمعہ میں ملکی سلامتی، ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ مسیحی اور ہندو برادری کی جانب سے بھی اس دن کی مناسبت سے خصوصی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔
یومِ تشکر کی مرکزی تقریب شام 7 بجے لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں ہو گی، جس میں شہداء کی فیملیز، سیاسی و عسکری قیادت اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔






















