وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے مقابلے میں مسلح افواج اور پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے، وزیر اعلی نے یقین دلایا کہ نیب کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا تاکہ کوہستان اسکینڈل کے زمہ داروں کو قرارواقعی سزا دی جاسکے ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا بتیسواں اجلاس ہوا ،کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی،اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بھارتی جارحیت کے مقابل شاندار کامیابی پر مسلح افواج اور پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔
وزیراعلیٰ نے بھارتی جارحیت میں جام شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ حکومت ان شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا کے شہداء کے ورثاء کو 50 ،50 لاکھ اور زخمیوں کو 10،10 لاکھ روپے امداد دی جائے گی،وزیراعلیٰ نے ضلع کوہستان میں مبینہ مالی بے ضابطگی کو سامنے لانے پر نیب کی کارروائی کو خوش آئند قرار دیا اور اس میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی انہوں نے کہا اس اسکینڈل میں جو بھی ملوث ہو انہیں سخت سے سخت سزا ملنی چاہیئے۔






















