کراچی کے سرکاری اسپتال میں تھیوراسک سرجری وارڈ اور آپریشن تھیٹر کا افتتاح کردیا گیا، 30 بستروں پر مشتمل سرجری وارڈ میں پھپپھڑوں، سینے اور دل کے پیچیدہ آپریشن ممکن ہو سکیں گے۔
کراچی والوں کیلئے اچھی خبر، بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر (سول اسپتال) میں بچوں کیلئے تھیوراسک سرجری سروسز کا آغاز ہوگیا، 30 بستروں پر مشتمل وارڈ اور 2 آپریشن تھیوراسک سرجری کیلئے مختص کردیئے گئے، اسپتال میں ویڈیو اسسٹیڈ تھیوراکو اسکوپک سرجری کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب ٹی بی کے مریضوں کے علاوہ پھپھڑوں میں پَس، پھیپھڑوں کے کینسر، ٹیومرز اور حادثات کی صورت میں متاثرہ پھیپھڑوں کے مریضوں کو علاج کیلئے نجی اسپتال نہیں جانا پڑے گا۔
قومی ادارہ صحت برائے امراض اطفال کے ڈاکٹر جمشید اختر کا کہنا ہے بچوں کے سینے میں ہوا بھرجاتی ہے جسے نیموتھیورسک کہتے ہیں، بچوں میں ریکوری کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں لیکن پیچیدگیاں ہوں تو بچوں کی زندگی کو خطرہ ہو سکتا ہے۔





















