شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور جنگ بندی کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) طلب کر لی ہے۔
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) آج دوپہر 12 بجےوزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوگی، جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے۔
آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کا مقصد بھارت کی جارحانہ پالیسیوں اور جھوٹے پروپیگنڈے کے بعد پاکستان کی آئندہ حکمت عملی پر مشاورت کرنا ہے، وزیراعظم بھارت سےجنگ بندی کےبعدکی صورتحال پرتمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو اعتمادمیں لیں گے۔
بھارت کی جانب سے حالیہ دنوں میں پاکستان پر دہشت گردی کے بےبنیاد الزامات اور سرحد پار حملوں کی دھمکیوں نے خطے میں کشیدگی کو بڑھا دیا تھا بھارتی میڈیا نے پاکستانی ڈرونز کی مبینہ سرحدی خلاف ورزی کی جھوٹی خبریں پھیلائیں، جنہیں پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے مسترد کر دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی سے طے پانے والی جنگ بندی کے بعد پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن بھارت کے جارحانہ بیانات اور پروپیگنڈے نے صورتحال کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس اہم موڑ پر قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور ملکی پالیسی کو مضبوط کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے۔






















