بلوچستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا سنسنی خیز اور کامیاب فائنل کے ساتھ اختتام ہوگیا۔ دفاعی چیمپئن ژوب کلر نے ایک رن سے فتح حاصل کرکے ایک مرتبہ پھر اپنی برتری ثابت کردی۔
کوئٹہ کے نواب اکبر بگٹی اسٹیڈیم میں بلوچستان سپر لیگ کا فائنل دفاعی چمپیئن ژوب کلر اور کوئٹہ ناٹس کے درمیان ہوا، دلچسپ مقابلے میں ژوب کلر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے۔ جواب میں کوئٹہ نائٹس نے بھرپور مزاحمت کی، مگر وہ مقررہ اوورز میں 224 رنز ہی بناسکی، یوں ایک رن سے شکست کھاگئی۔
منتظمین کہتے ہیں کہ بلوچستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن ناصرف کھیل کے معیار بلکہ شائقین کے جوش و خروش کے اعتبار سے بھی ایک یادگار ایونٹ ثابت ہوا۔
بلوچستان سپر لیگ میں ملک بھر سے 11 ٹیموں نے حصہ لیا، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔
فائنل جیتنے والی ٹیم ژوب کلر کو 10 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔




















