امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے رابطہ کیا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے فریقین کو کشیدگی کم کرنے پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے تعمیری بات چیت شروع کرنے میں مدد کی پیشکش کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو بھی فون کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے رات کی تاریکی میں حملہ کرنے والے ازلی دشمن کو دن کے اجالے میں زوردار جواب دے دیا۔ اور بھارت کے خلاف ’’ آپریشن بنیان مرصوص ‘‘ کا آغاز کیا ہے جس کا نام سورۃ الصف کی آیت نمبر 4 سے لیا گیا ہے اور اس کا مطلب ’’ آہنی دیوار‘‘ ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی کہ پاکستان نے نماز فجر کے وقت بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا اور ’ فتح ‘ میزائل داغے ہیں اور اس وقت بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ وہ تمام بیسز جن سے بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا انہیں نشانہ بنایا جارہا ہے اور آپریشن میں بھارت کی پٹھان کوٹ میں ائیرفیلڈ اور اودھم پور ائیربیس کو تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان نے بیاس کے علاقے میں براہموس میزائل کا ڈپو بھی تباہ کردیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ادھم پور ائیربیس کو 3 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر ’کے جی ٹاپ ‘ اور سپلائی ڈپو اڑی کو تباہ کر دیا گیا ہے۔






















