ملک میں قابل استعمال پانی کے ذخیرے میں ایک لاکھ اسی ہزار ایکڑ فٹ کا اضافہ ہوا ہے جبکہ دریاؤں میں پانی کی آمد میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
واپڈا نےآبی ذخائرمیں پانی کی آمد اور موجودہ ذخیرےکی تفصیلات جاری کر دی ہیں،گزشتہ روز کے مقابلے میں ملک میں قابل استعمال پانی کے ذخیرے میں ایک لاکھ اسی ہزار ایکڑ فٹ کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مجموعی ذخیرہ چھببیس لاکھ ترپن ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا۔
دریائے سندھ میں پانی کی آمد ایک لاکھ انتیس ہزار ایک سو کیوسک ہوگئی جو گزشتہ روز ایک لاکھ گیارہ ہزار پانچ سو کیوسک تھی،دریائے جہلم میں بھی پانی کی آمد چون ہزارچارسو کیوسک ریکارڈ کی گئی جو کہ گزشتہ روز کےمقابلے میں چھ ہزار آٹھ سو کیوسک زیادہ ہے،چشمہ بیراج میں پانی کی آمد میں بتیس ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا جبکہ دریائے چناب میں پانی کی آمد چونتیس ہزار کیوسک پر برقرار ہے۔
دریائے کابل میں البتہ تین ہزار دو سو کیوسک کی کمی دیکھی گئی۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح چودہ سو باون اعشاریہ چھ صفر فٹ ہے جو گزشتہ روز کے مقابلے میں تین فٹ بلند ہوئی اور پانی کا ذخیرہ گیارہ لاکھ انسٹھ ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
منگلا ڈیم میں پانی کی سطح گیارہ سو چالیس اعشاریہ ایک صفر فٹ ہو گئی ہے جہاں پانی کا مجموعی ذخیرہ تیرہ لاکھ سینتیس ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ چشمہ میں پانی کی سطح چھ سو پینتالیس اعشاریہ پانچ صفر فٹ ریکارڈ کی گئی جہاں ذخیرہ ایک لاکھ ستاون ہزار ایکڑ فٹ ہے۔






















