پاک، بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) 10 کو دبئی منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پی ایس ایل 10 کے باقی تمام میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کر دیے گئے ہیں اور ان میں وہ 8 میچز شامل ہیں جو راولپنڈی، ملتان اور لاہور میں کھیلے جانے تھے جبکہ نئے شیڈول کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔
🚨 Remaining fixtures of #HBLPSLX have been shifted to the UAE 🚨
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) May 8, 2025
The exact schedule will be shared in due course 🏏
🗒️ More details 👉 https://t.co/ySTCBa3t0z#ApnaXHai pic.twitter.com/z7yjqCmjiB
اعلامیہ کے مطابق چیئرمین محسن نقوی نے اس فیصلے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کا ہمیشہ سے مؤقف رہا ہے کہ کھیل اور سیاست کو الگ رکھنا چاہیے تاہم، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو نشانہ بنا کر بھارت نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک اقدام کیا ہے جس کا مقصد ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کو متاثر کرنا تھا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اس پس منظر میں پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ باقی ماندہ میچز یو اے ای منتقل کیے جائیں تاکہ مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں جو ہمارے معزز مہمان ہیں ان کو کسی ممکنہ بھارتی جارحیت سے محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے جس نے ہمیشہ مشکل حالات کا مقابلہ کیا ہے اور کرکٹ کی ترقی کو یقینی بنایا ہے ہمارے لیے ضروری تھا کہ ہم کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کا خیال رکھیں۔
محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ جیسے ماضی میں ویسے ہی اب بھی ہمارے تمام شراکت دار اور شائقین ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے اور پی ایس ایل کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا عزم ہے کہ لیگ کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں۔
دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام ٹیموں کے غیر ملکی کھلاڑی خصوصی پرواز کے ذریعے آج شام دبئی روانہ ہوجائیں گے اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے تحفظ کے پیش نظر ہی ایونٹ کو دبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔






















