وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ انٹرسروسز انٹیلی جنس ( آئی ایس آئی ) ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ہے جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی ماحول کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
منگل کے روز وزیراعظم شہباز شریف نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ آصف اور سروسز چیفس کے ہمراہ اسلام آباد میں آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں پاکستان کی مشرقی سرحد پر بھارت کے بڑھتے جارحانہ اور اشتعال انگیز موقف کا جائزہ لیا گیا۔
قیادت کو علاقائی سلامتی پر پیشرفت اور بڑھتے ہوئے خطرات ، روایتی فوجی آپشنز ، ہائبرڈ جنگی حکمت عملی اور دہشتگرد پراکسی سے بھی آگاہ کیا گیا۔
دورے کے دوران قومی قیادت نے تمام خطرات کے خلاف وطن کے دفاع کے لیے پاکستان کے غیر مبہم عزم کا اعادہ کیا جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ مہارت اور تزویراتی ذہانت کو سراہا۔
قومی قیادت کی جانب سے عزم کیا گیا کہ قوم کی حمایت سے مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دے گی اور پاکستان کی سلامتی، وقار،عزت برقرار رکھنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم ہماری بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی دنیا کی سب سے زیادہ پیشہ ور اور نظم و ضبط کی فوج میں سےایک ہے۔