وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مودی نےجوڈرامہ رچایا،مطلوبہ نتائج حاصل نہ کرنے پروہ کچھ بھی کرسکتےہیں،ممکن ہے ایرانی وزیر خارجہ موجودہ صورتحال میں کوئی کرداراداکرسکیں۔
وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف نے سماء ٹی وی کے معروف پروگرام دو ٹوک کرن ناز کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی مسئلے کو بانی کی رہائی سے جوڑنا حب الوطنی نہیں، ان کا کہنا تھا کہ پلوامہ واقعے پر بھی قومی سلامتی کا اجلاس بلایا گیا تھا لیکن اُس وقت بانیِ تحریک انصاف اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ ان کی تمام تر توجہ بانی کی رہائی پر ہے، قومی مفادات پر نہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ابھی تک معاملات سندھ طاس معاہدے کے مطابق چل رہے ہیں، اب تک کوئی بڑی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ ایرانی وزیر خارجہ پاکستان آ رہے ہیں، ایران پاکستان کا ہمسایہ ہے اور اس کے بھارت سے بھی اچھے تعلقات ہیں، ممکن ہے موجودہ صورتحال میں ایرانی وزیر خارجہ کوئی کردار ادا کرسکیں۔
وفاقی وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ مودی نے جو ڈرامہ رچایا ہے، وہ مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پر کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ اگر بھارت کوئی حرکت کرتا ہے تو پاکستان اس سے دو قدم آگے جائے گا،لیکن پاکستان پہل نہیں کرے گا پاکستان اس وقت ٹیکنالوجی میں کسی سے پیچھے نہیں، ماڈرن جنگیں اب ٹیکنالوجی کی مدد سے ہی لڑی جائیں گی اور پاکستان کو اس میدان میں برتری حاصل ہے، رافیل طیارے اُڑانے والے بھی تو چاہئیں، وہ کہاں سے لائیں گے۔