ملائیشیا نے بھارت سے تنازع میں پاکستانی مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطےکی بدلتی صورتحال پرقریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ۔ ملائیشیا کے وزیرخارجہ نے پاکستان کے موقف کی حمایت کا اعادہ کیا ۔
اسحاق ڈار نے ملائشین وزیر خارجہ کو کشیدہ علاقائی صورتحال کے بارے میں بتایا ۔ بھارت کے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز پروپیگنڈا مسترد کر دیا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ پاکستان علاقائی امن و سلامتی کیلئے پرعزم ہے۔ اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کا حق محفوظ رکھتا ہے ۔
دوسری جانب پاک، بھارت کشیدگی ختم کرانے کےلیے روس اور ایران کے وزرائے خارجہ متحرک ہوگئے۔ روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے بھارتی ہم منصب جے شنکر کو فون کیا پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا۔ روسی وزیرخارجہ نے کہا دونوں ملک کشیدگی بڑھانے سے گریز کریں۔
روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک اختلافات کو ایک طرف رکھیں اورمسئلے کو سفارتی طریقے سے حل کرے۔ سرگئی لاروف نے پہلگام میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔
دوسری جانب ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی پیر کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق عباس عراقچی پاکستان کے اعلی حکام سے ملاقات کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور حالیہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
ایرانی وزیرخارجہ اس ہفتے کے آخر میں بھارت کا بھی سرکاری دورہ کریں گے اورپاکستان کے ساتھ کشیدگی میں کمی پر زور دیں گے۔