سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 5 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جن سے بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیوں میں 5 خوارج ہلاک ہوگئے، فورسز نے کارروائیوں کے دوران 2 خوارج کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں آپریشن کیا، جہاں ہائی ویلیو ٹارگٹ خوارج فرید اللہ سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں بھی فورسز نے آپریشن کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج ہلاک ہوگئے۔
ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند میں بھی کارروائی کی، جہاں خوارج کے ٹھکانے تباہ کردیئے گئے، آپریشن میں ہائی ویلیو خوارج لال امیر عرف ابراہیم سمیت 2 خوارج گرفتار کرلیے گئے، ملزمان سے دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔