وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے پانی روکنے کے لیے کوئی اسٹرکچر تعمیر کرنے کی کوشش کی، تو پاکستان اسے بلا جھجک تباہ کر دے گا۔
وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کوئی معمولی بات نہیں بلکہ یہ پاکستان کے خلاف اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا۔ بھارت اگر ایسی کسی حرکت کا مرتکب ہوا تو پاکستان سخت ردعمل دے گا اور اس اسٹرکچر کو نشانہ بنایا جائے گا۔
پیلگام واقعے کے تناظر میں بات کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت نے اب تک کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیا، اور وہ اپنے ہی جھوٹے بیانیے کے شکنجے میں پھنس چکا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ امریکا نے بھارت کو صرف فیس سیونگ کی گنجائش دی ہے، لیکن اگر بھارت نے اس کا غلط فائدہ اٹھایا یا کوئی مذموم قدم اٹھایا، تو پاکستان بھرپور جواب دے گا اور اس کےمنہ پر کالک مل دیں گے۔