صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کا شوق نہیں مگر جنگ کا کوئی خوف بھی نہیں ہے ، پاکستان امن پسند ملک ہے ، امن پسندی کی ہمیشہ حمایت کی ہے ، ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھا گیا تو دشمن خود ذمہ دار ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان کا کہناتھا کہ ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھارت کو منہ توڑ جواب ملے گا: پاکستان دشمن کا وہ حشر کرے گا جس کا تصور بھی نہیں کیا ہوگا ، دنیا جانتی ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے، 80ہزار سے زائد جانوں کی قربانی اور 500ارب ڈالر کا نقصان کیا۔
صدر آئی پی پی نے کہا کہ پاکستان پر بھارت کی الزام تراشی ایک بھونڈی حرکت ہے ، بھارت اپنے لوگوں کے حقوق سلب کر کے دوسروں پر انگلیاں اٹھا رہا ہے، اقوام عالم پاکستان کے موقف کی حمائیت کر رہی ہے، لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال کاروائیوں کا افواج پاکستان نے بھرپور جواب دیا، دشمن کے مورچے تباہ اور بھارتی توپیں خاموش کر دی گئیں، بھارت جارحیت سے باز نہ آیا تو آئندہ اس سے بھی سخت جواب ملے گا۔