محکمہ موسمیات کے مطابق برکھا برسنے اور خنکی کے سردی میں بدلنے کےلیے ابھی مزید انتظار کرنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق گرمی کا موسم چلا گیا مگر سردی آنے سے گریزاں، نومبر آ گیا مگر بارشوں کی خبر نہ لایا۔ بھیگی سردیوں کے متوالوں کا انتظار طویل ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کےمطابق پاکستان میں گذشتہ چند سالوں سے ماحولیاتی تبدیلی کے باعث موسموں کی چال بھی بدل گئی ہے، اسی لئے سردی ذرا ٹھہر ٹھہر کر ہی آئے گی۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئیاں دیکھیں تو یہی کہا جا سکتا ہے کہ نومبر میں صبر کریں، بھیگی سرد رت تو دسمبر میں ہی ملے گی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر میٹ عرفان ورک کے مطابق ابھی تو بارش کے کوئی خاص امکان نہیں ہیں، بارشوں والا سلسلہ موجود نہیں ہے، رواں ہفتے تو کوئی ایسی چیز نہیں ہے مگر اگلے ہفتے ایک بارش والا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوسکتا ہے، بارش جب ہوگی تو بارش کے بعد درجہ حرارت میں مزید کمی ہونے کے امکانات ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب بارشیں وقت پر نہ ہونے سے موسم سرما کا مزہ ہی کرکرا نہیں ہو رہا۔ طبی ماہرین کے مطابق خشک سردی کے انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر محمد طارق کا کہنا ہے کہ خشک موسم میں آنکھوں سے آنسو آتے ہیں، اسکن ہر وقت خارش کر رہی ہوتی ہے، دمہ کا اٹیک ہو جاتا ہے، بچوں میں الرجیز بہت کامن ہوتی ہے ۔ عوام کےلیے مشورہ ہے کہ ماسک کا استعمال کریں، سب سے پہلے ہائیجین کا خیال رکھیں، آنکھوں میں پانی ڈالیں، ایمولنٹس ہوتے ہیں ان کا استعمال کریں تا کہ ان کی اسکن ڈرائی نہ رہے۔