بھارتی ریاست اتر پردیش کے گاؤں حمید پور میں ایک شادی کی تقریب اس وقت خوفناک منظر میں تبدیل ہوگئی جب ایک نوجوان نے پنیر کی کمی پر جھگڑے کے بعد مہمانوں پر منی بس چڑھا دی جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔
انڈین میڈیا کے مطابق، دولہا راجناتھ یادو ہفتے کی شب اپنی بارات لے کر حمید پور پہنچا اور تقریب کے دوران گاؤں کے ایک نوجوان نے کھانے میں مزید پنیر کا مطالبہ کیا جسے دلہن کے والد نے مسترد کر دیا۔
اس بات پر شروع ہونے والا جھگڑا تلخ کلامی سے ہاتھا پائی تک جا پہنچا جب دلہن کے والد نے غصے میں نوجوان کے سر پر چمچ سے وار کیا۔
غصے سے آگ بگولہ ہوکر نوجوان نے تقریب میں موجود لوگوں پر منی بس چڑھا دی جس سے دلہن کے والد، چچا سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزم گاڑی سمیت جائے وقوع سے فرار ہوگیا اور اس کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
واقعے کے بعد شادی کی تقریب عارضی طور پر معطل کر دی گئی جو اگلے دن پولیس کی نگرانی میں مکمل ہوئی۔