انٹربینک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.02 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق آج کاروبار کے دوران پاکستانی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں 5 پیسے کے اضافے سے 280.92 روپے پر جاپہنچی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 25 پیسے یا 0.09 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جمعہ کو روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 280.97 پر بند ہوا تھا۔
بین الاقوامی سطح پر ڈالر نے پیر کو مستحکم آغاز کیا، 143.57 ین اور 1 یورو کے بدلے 1.1360 ڈالر پرگرین بیک نے عارضی طور پر استحکام حاصل کرلیا ہے جبکہ امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے باعث امریکی اثاثوں پر اعتماد متاثر ہونے کی وجہ سے ڈالر کو تقریباً دو سال اور 6 ماہ میں سب سے بڑی ماہانہ کمی کا سامنا ہے۔
اپریل کے دوران یورو اور ین کے مقابلے ڈالر میں 4 فیصد سے زیادہ کی کمی آئی ہے، تاہم گزشتہ ہفتے کے آخر میں امریکی-چینی تعلقات میں واضح مفاہمتی لہجے کے باعث ڈالر نے کچھ بحالی دکھائی۔





















