مودی حکومت نے بھارت میں 35 برس سے مقیم پاکستانی خاتون کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ساردا بائی کی شادی بھارت میں ہوئی ہے، دو بچے بھی ہیں، اڑیسہ پولیس نے ساردا بائی کو فوری پاکستان واپس جانے کا حکم دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی خاتون ساردا بائی 35 برس سے بھارت میں ہی مقیم ہے، ساردا بائی کا ووٹرآئی ڈی ہونے کے باوجود شہریت نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد مودی حکومت نے پاکستانی شہریوں کو جاری ویزا خدمات معطل کر دی ہیں۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تمام پاکستانی شہریوں کے ویزے 27 اپریل 2025 سے منسوخ کر دیے جائیں گے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اس تاریخ سے قبل ہندوستان چھوڑ دیں۔
اسی سلسلے میں سیما حیدر جو پاکستان کی شہری ہیں نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور اتر پردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سے درخواست کی ہے کہ انہیں ہندوستان میں رہنے کی اجازت دی جائے۔ سیما نے کہا کہ اگرچہ وہ ماضی میں پاکستان کی شہری تھیں لیکن اب وہ ہندوستان کی بہو ہیں اور انہیں مہربانی کر کے واپس پاکستان نہ بھیجا جائے۔