امریکی ارب پتی ایلون مسک کے بچوں کی اصل تعداد پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ امریکی صحافی ایلزبتھ بروئنیگ نے انکشاف کیا ہے کہ مسک کے کم از کم 14 بچے ہیں، تاہم بعض ذرائع کے مطابق یہ تعداد 100 سے زائد ہوسکتی ہے۔
پوڈکاسٹ ’سینیٹی‘ میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صحافی بروئنیگ نے دعویٰ کیا کہ ایلون مسک اپنے تعلقات اور بچوں کی تفصیلات کو خفیہ رکھنے کیلئے ماؤں سے رازداری کے معاہدے (این ڈی اے) کراتے ہیں اور مالی ادائیگیاں کرتے ہیں۔
ایلزبتھ کے مطابق مسک اب تک کم از کم 4 خواتین سے بچوں کے والد بن چکے ہیں جبکہ حالیہ رپورٹس میں 5ویں خاتون ایشلے سینٹ کلیئر کا بھی نام سامنے آیا ہے۔
رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایشلے سینٹ کلیئر کو خاموشی کے بدلے ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر اور ماہانہ ایک لاکھ ڈالر کے اخراجات دیئے گئے۔
تجزیہ کاروں نے اس طرزِ عمل کو خاندانی اقدار کے دعووں کے منافی قرار دیا ہے۔
ایلون مسک کے معلوم بچوں میں سابقہ اہلیہ جسٹن ولسن، موسیقار گرائمز، اور نیورالنک ایگزیکٹو شیوان یلس سے ہونیوالے بچے شامل ہیں۔