مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے مزید 5 کشمیریوں کے گھروں کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق تباہ کیے گئے مکانات عامر نذیر وانی، جمیل احمد، عدنان صفی ڈار، عامر احمد اور فاروق احمد کے والدین کے تھے اور ان دھماکوں سے قریبی درجنوں مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اسے مودی حکومت کے ہندوتوا ایجنڈے کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا مقصد کشمیری عوام کو بے گھر اور بے دخل کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت علاقے کے مسلم اکثریتی تشخص کو ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کو ہندو ریاست میں تبدیل کرنے کی سازش کر رہا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے اور ہندوؤں کو ڈومیسائل جاری کرکے آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔