کینیڈا میں پارلیمانی انتخابات کے لیے پولنگ آج ہوگی، کینیڈا کے وزیراعظم لبرل پارٹی کے امیدوار مارک کارنی اور کنزرویٹو پارٹی کے پیئر پولی ایو کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
کینیڈا کے وزیر اعظم اور سابق مرکزی بینکر مارک کارنی کے مدمقابل کیریئر سیاستدان پیئر پولی ایو ہیں جن کے بارے میں عام تاثر ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح ہیں۔
پیئر پولی ایو نے انتخابی مہم کا اختتام ٹورنٹو میں کیا، انتخابی مہم کے آخری لمحات میں ڈونلڈ ٹرمپ کا سایہ ہر چیز پر چھایا ہوا ہے۔
پیئر پولی ایو کی کنزرویٹو پارٹی کو تب تک رائے عامہ کے جائزوں میں 25 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی جب تک لبرل پارٹی کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے جنوری میں اپنے استعفے کا اعلان نہیں کر دیا، پھر حالات تبدیل ہوگئے۔
مارچ میں لبرل پارٹی نے مارک کارنی کو ٹروڈو کا جانشین منتخب کیا، جنہوں نے پارٹی قیادت سنبھالتے ہی عام انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔
اسی دوران کینیڈا کے امریکہ کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہوگئے، جب ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا پر ٹیرف لگایا اور کینیڈا کو امریکہ کی 51 ویں ریاست بنانے کی بات کی۔ ان عوامل نے رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق لبرلز کو دوبارہ برتری دلوا دی ہے۔