عالمی مارکیٹ اور پاکستان میں سونے کی قیمتیں مستحکم ہیں، فی تولہ تین لاکھ 52 ہزار جبکہ فی اونس 3338 ڈالر ہیں۔
گزشتہ روز مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی ہوئی تھی، پاکستان میں فی تولہ سونا 11,700 روپے کی بڑی کمی کے بعد 3 لاکھ 52 ہزار روپے پر آگیا تھا جبکہ فی اونس نرخ میں 116 ڈالر گرنے کے بعد 3 ہزار 338 ڈالر ہوگئے تھے۔
جمعرات کو عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 1 ہزار 783 روپے ہے۔
رپورٹ کے مطابق چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 457 روپے اور فی اونس 32.93 ڈالر پر مستحکم ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے چین سمیت دیگر ممالک پر ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد شروع ہونیوالی معاشی جنگ کے اثرات عالمی معیشت پر پڑ رہے ہیں، سرمایہ کار اپنا پیسہ شیئر بازاروں سے نکال کر سونے میں منتقل کررہے ہیں جس کی وجہ سے عالمی سطح پر سونے کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔



















