ورلڈکپ 2023 زور و شور سے جاری ہے اور جلد ہی سیمی فائنلسٹ ٹیمیں شائقین کرکٹ کے سامنے ہوں گی لیکن اس سے قبل قومی ٹیم کے مایہ ناز باولر شاہین شاہ آفریدی نے جہاں ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے وہیں ورلڈ کپ 2023 کے ریکارڈز میں بھی اپنا نام لکھوانے میں پیچھے نہیں ہیں۔
بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں اب تک پاکستان 7 میچز کھیل چکا ہے جس میں تین میں کامیابی اور 4 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث سیمی فائنل میں رسائی اگر مگر کا شکار ہو گئی ہے لیکن شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کپ میں باولنگ کے شعبے میں بہترین پرفارم کرنے والے باولرز کی فہرست میں دوسری پوزیشن پر ہیں۔
ورلڈ کپ میں بہترین باولرز کی فہرست میں اب تک آسٹریلیا کے زیمپا 6 میچز میں 305 رنز دیتے ہوئے 16 وکٹیں حاصل کر کے پہلے نمبر پر ہیں جبکہ ان کے پیچھے ہی شاہین آفریدی دوسرے نمبر پر موجود ہیں جنہوں نے 7 میچز میں 319 رنز دیتے ہوئے 16 وکٹیں حاصل کر لی ہیں ۔
ان کے بعد جنوبی افریقہ کے جانسن ہیں جو اب تک 7 میچز میں 321 رنز دے کر 16 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر ہیں۔